Wednesday 27 January 2016


جدید دور میں خواتین کے ساتھ ایسا سلوک کیوں؟

Shani Temple Dispute Over Women

ہندوستان میں خواتین کے مسائل ہر دور میں رہے ہیں۔کبھی ستی کا مسئلہ تو کبھی  شادی اور طلاق کی بحث اور کبھی مندروں اور عبادت گاہوں میں پوجا پاٹ کو لیکر تکرار۔یعنی سماج میں خواتین کو لیکر ہمیشہ ہی ایک بحث بنی رہتی ہے۔کبھی درگاہوں میں خواتین پرپابندی کی بات کی جاتی ہے ۔تو کبھی مندروں میں داخلے پر سوال اٹھائے جاتے ہیں۔حالیہ  دنوں میں مہاراشٹر کے احمد نگر میں واقع شنی مندر میں پوجا  کو لیکر خواتین شردھالووں اور  مندر انتظامیہ میں ٹھنی ہوئی ہے۔احمد نگر ضلع میں واقع شنی شنگنا پور مندر میں خواتین کے داخلے پر پابندی کو لے کر  ایک بار پھر احتجاج کیا گیا۔منگل کوبھوماتا بریگیڈ کی صدر تپتی دیسائی کی لیڈرشپ میں یہاں خواتین نے جم کر احتجاج کیا اور مندر میں داخل ہونے کی کوشش  کی۔ جبکہ مندر انتظامیہ اور گاؤں والوں نے احتجاجی خواتین کو روکنے کی کوشش کی۔ پہلے سے ہی بڑے پیمانے پر پولیس فورس تیعنات کی گئی تھی۔ہجوم کے آگے بے بس خواتین نےراستے میں احتجاج  کرتے ہوئے بھجن کیرتن شروع کردیا۔واضح رہے کہ  شنی شنگنا پور مندر  میں خواتین کے داخلے پر پابندی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ یہ روایت گزشتہ چار سو سال سے چلی آرہی ہے۔مندر انتظامیہ نہیں چاہتی کہ خواتین مندر میں داخل ہوں اور پوجا کریں۔واضح رہے کہ نومبر ماہ میں ایک خاتون   شنی مندر میں داخل ہوگئی تھی۔جس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔اور بعد میں مندر کے پجاریوں نے اس مندر کی دودھ اور تیل سے شدھی  کی تھی۔ادھر  معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے خواتین کی مندر میں داخلے اور پوجا کی حمایت کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ  اس معاملے کو بات چیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ادھر ۔بھوماتا برگیڈ کی خواتین بھی  اس معاملے پر بات چیت کے لئے تیار ہیں۔لیکن سوال یہ اٹھتا ہے۔کہ ترقی کے اس دور میں بھی خواتین کے ساتھ یہ سلو ک کیوں ہے؟کیا خواتین کو ہر مذہبی جگہ پر عبادت کا حق ملنا چاہئے؟کیا خواتین کو بھی مردوں کے مقابلے اصل دھارے میں لانے کی ضرورت ہے؟سوال یہ بھی اٹھتا ہے کہ جب سماج کے ہر حصے میں خواتین ۔مردوں کے مقابلے شانہ بشانہ کھڑی  ہو سکتی ہیں۔تو پھر مندروں اور عبادت گاہوں میں پوجا اور درشن کو لیکر واویلا مچانے کی ضرورت کیا ہے؟یہ معاملہ صرف مہاراشٹر اور شنی مندر کا ہی نہیں ہے۔ایسی ہی خبر چھتیس گڑھ کےرائے پور سے بھی آئی ہے۔جہاں   ایک مندر میں خواتین کے داخلے پر  پابندی عائد ہے۔یعنی  اس طرح کے مسائل سے خواتین ملک کے کئی حصوں میں  گذر رہی ہیں۔اس پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے 

No comments:

Post a Comment